وجئے پورہ 22/ دسمبر(ایس اؤنیوز) وجئے پورہ (بیجاپور) کی دلت لڑکی سے اجتماعی عصمت دری کے بعد قتل کئے گئے معاملے کو لے کر ریاست بھر میں مذمتی احتجاج جاری ہے۔ جمعرات کو اسکول کے طلبا و طالبات سمیت مختلف خواتین سنگھا کے ذریعے سلسلہ وار احتجاج کیا گیا۔ حیوانیت و بربریت کی مذمت میںمدے بہال میں بھی بند مکمل کامیاب ہوا۔
اس دوران اپنی معصوم جان کھونے کے غم میں مبتلا مہلوکہ کی ماں کچھ بھی کھائے پئے بغیر سخت نقاہت کا شکارہوکر بی ایل ڈی ای اسپتال میں داخل ہونے کی واردات بھی پیش آئی۔ تین دنوں سے ماں نے کچھ بھی کھایا پیا نہیں ، جس کے نتیجےمیں وہ بہت ہی کمزور ہوئیں تو انہیں جمعرات کے دن اسپتال میں داخل کیاگیا ، اسپتال ذرائع نے بتایا کہ اب وہ صحت یابی کی طرف مائل ہیں۔
اسکول میں غم کے سائے :اسکول میں زیر تعلیم لڑکی کی عصمت دری اور پھر قتل سے حیرت میں مبتلا اساتذہ اور طلبا بدھ کو شردھانجلی سبھا کرنے کے بعد چھٹی کا اعلان کیا تھا۔ جمعرات کو اسکول میں ایک طرح سے سناٹا چھایا ہوا تھا ہر کوئی رنجیدہ نظر آرہاتھا، معاملے سے خوف زدہ اکثر والدین و سرپرستوں نے اپنے بچوں کو اسکول نہیں بھیجا تھا۔بتایاگیا ہے کہ اسکول میں کل 68بچےزیر تعلیم ہیں۔ اسکول کے اکثر اساتذہ نے مہلوک طالبہ کے متعلق کہاکہ لڑکی ہمارے ہاں 9ویں کلاس میں تھی ، پڑھنے میں ذہین اور دیگر طالبات کے لئے مثالی تھی ، لیکن راکششوں کے ہاتھوں پھنس کر معصوم بچی قتل کا شکار ہونے سے ہم اتنے غمگین ہیں کہ ایسا محسوس ہوتاہے کہ ہم نے خود اپنی بچی کھوئی ہے۔
ڈی سی کا بیان :ضلع ایس پی کلدیپ جین نے معاملے کی جانچ کے متعلق بتایا کہ ’’ڈی وائی ایس پی اشوک ڈی کی قیادت میں پولس ٹیمیں تفتیش میں جٹی ہوئی ہیں، عصمت دری کو لے کر 6ملزموں کے خلاف چارج شیٹ داخل کی گئی ہے جن میں سے 2کو گرفتارکرلیاگیا ہے۔ 5افراد پولس تحویل میں ہیں جن سے سخت پوچھ تاچھ کی جارہی ہے، مفرور کلیدی ملزم دیپک مُلساولگی کی تلاش جاری ہے انہوں نے کہا کہ اس کو بہت جلد گرفتار کیا جائے گا۔اسی طرح انہوں نے بتایا کہ معاملے میں ملوث ملزمان کے خاندان والوں اور مہلوکہ کے اسکول کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
ریاست کے مشہور کنڑا نیوز چینل ’’سورنا نیوز ‘‘ کی مانیں تو معاملے میں ملوث ساگر نامی ایک ملزم کا بی جے پی سے تعلق بتایا جارہاہے۔ چینل نے بتایا کہ بی جے پی لیڈران کے ساتھ ساگر نظر آتا رہاہے ، نیوز چینل میں نشر کی گئی نیوز کے مطابق ساگر یوا سینا کا ممبر بھی ہے۔
وزیرا علیٰ کا اعلان :جمعرات کی صبح ضلع نگراں کار وزیر ایم بی پاٹل ، ڈپٹی کمشنر اور پولس سپرنٹنڈنٹ سے گفتگو کرنے کے بعد وزیرا علیٰ سدرامیا نے میڈیا کو بتایا کہ ریاستی حکومت نے عصمت دری معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے معاملہ کی جانچ سی آئی ڈی کو منتقل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد اگلا قدم اٹھایا جائے گا۔ اس دوران سی آئی ڈی افسران بڑی تیزرفتاری کے ساتھ باریک بینی سے تفتیش میں جٹ گئے ہیں۔ معاملے کو انجام دینے کے بعد سے لےکر ا ب تک جو کچھ ہواہے اس کی جانچ رپورٹ سی آئی ڈی افسران کو سونپی جائے گی۔ لڑکی کے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ سائنسی جانچ کے لئے روانہ کی گئی ہے۔ وہاں سے رپورٹ آنے میں مزید 2دن لگنے کی بات کہی جارہی ہے۔ ضلع قانونی خدمات بورڈ کے صدر اورضلع سول عدالت کے اعلیٰ جج مہلوکہ کے گھر پہنچ کر گھروالوں کے ساتھ تعزیت کی ہے۔
صدر مدرس معطل : اسکول میں دوپہر کے گرم کھانے کا انتظام ہونے کے باوجود لڑکیوں کو کھانے کے لئے اسکو ل سے باہر نکلنے دئیے جانے کو غلطی قراردیتے ہوئے اسکول کے صدر مدرس چندر شیکھر ملواڑ اور سنئیر استاد جی آر برادر کو اسکول انتظامیہ نے معطل کردیاہے۔ اسکول اساتذہ اور انتظامیہ نے مہلوکہ کے گھرپہنچ کر تعزیت کرتے ہوئے اساتذہ اور انتظامیہ کی طرف سے جمع کردہ 1لاکھ روپئے ادا کئے ہیں اور لڑکی کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
ریاست بھر میں مذمتی احتجاج : مختلف دلت تنظیموں ، ایس ڈی پی آئی ، اے بی وی پی کے ذریعے ریاست کے ضلعی مقامات پر مذمتی احتجاج نکالتے ہوئے عصمت دری اور قتل کا شکار ہوئی لڑکی کےملزموں کو فوری گرفتار کرتےہوئے مہلوکہ کے ساتھ انصاف کامطالبہ کیاجارہا ہے۔
بیلگام میں کتوررانی چنما سرکل پر امبیڈکر یوا منچ، اے بی وی پی اور بی جے پی اور ضلع کے مختلف مقامات پر دلت تنظیموں کی طرف سے احتجاج کرتےہوئے ڈی سی کومیمورنڈم سونپا گیا ہے۔ چتردرگہ ،ڈاونگیرہ ، گونڈلو پیٹے،سندگی ، مدے بہال ، دیورہپرگی وغیرہ میں بھی واقعے پر سخت احتجاج کیاگیا ہے۔
اے پی سی آر وفد کی مہلوکہ کے گھروالوں کے ساتھ تعزیت: دلت لڑکی کی عصمت دری اور قتل کی اطلاع موصول ہوتے ہی اے پی سی آر وجئے پور کے ایک وفد نے مہلوکہ کے مکان پر پہنچ کر گھروالوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغام پیش کیا۔ اس موقع پر وفد نے پولس کے اعلیٰ حکام سے بھی گفتگو کرتے ہوئے خاطیوں کو فوری گرفتارکرنے اور اُنہیں سخت سزا دلانے کا مطالبہ کیا۔ وفد میں اے پی سی آر وجئے پور کے صدر بی ایم سندگی، سکریٹری ڈی ایس قاضی سمیت آر اے سندگیکر اور جماعت اسلامی ہند کے امیر یوسف قاضی وغیرہ موجود تھے۔
وزیراعلیٰ سدرامیا کا مہلوکہ کے گھر دورہ اور امدادی رقم: دلت طالبہ کی عصمت دری اور قتل پر سخت مذمت کرتے ہوئے کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدرامیا نے جمعرات کی شب مہلوکہ کے گھر تشریف لاتے ہوئے گھروالوں سے ملاقات کی اور اُن کے ساتھ غم میں برابر شریک ہونے کی بات کہتے ہوئے یقین دلایا کہ قاتلوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے اس موقع پر 8.25 لاکھ روپیوں کی امدادی چیک پیش کیا اوریقین دلایا کہ خاندان کے کسی فرد کو سرکاری نوکری فراہم کی جائے گی۔ واقعے پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایم بی پاٹل نے بھی متاثرہ کے گھر کا دورہ کرتے ہوئے گھروالوں کو اپنی جانب سے پانچ لاکھ روپیوں کا چیک پیش کیا۔